کم یاب تحفہ!

کم یاب تحفہ!

یہ علمی تحفہ مجھے میرے محب گرامی وقار حضرت مولانا شمس تبریز مصباحی ازہری زید علمہ ممبئی نے عنایت فرمایا.ازہری صاحب کی ایک جھلک:ازہری صاحب قبلہ اچھے عالم ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے قاری و حافظ بھی ہیں, نیز تراویح میں قرآن پاک, یعلمون و تعلمون کے بجائے تمام تلفظ کی اداے گی کے ساتھ بہت صاف اور واضح پڑھتے ہیں.ایک خاص بات آپ میں ہے جو عام طور سے علما میں نہیں پائی جاتی, طلب علم کا شوق, آپ ان کے اس شوق کا یوں اندازہ لگاسکتے ہیں کہ آپ نے جامعہ ازہر سے کلیہ لغہ و ترجمہ سے فارغ ہونے کے بعد جامعہ ملیہ سے ایم اے مکمل کیا اور ابھی مرکز تربیت افتا سے افتا اور ٹرسٹ فلاح ملت سے علم اصول حدیث کا کورس کر رہے ہیں اور ساتھ ہی استاد مکرم علامہ فیضان المصطفی قادری مصباحی زید مجدہ سے علم توقیت اور بریلی شریف سے علم طب سیکھ رہے ہیں, نیز ١١ رمضان المبارک کو آپ کے یہاں بطور مہمان حاضر ہوا, آپ کی اقتدا میں تراویح پڑھی, تراویح کے بعد سے دوسرے دن, تقریبا تین بجے تک آپ کے پاس رہا, آپ نے مہمان نوازی تو خوب کی مگر ساتھ ہی ساتھ جہاں بھی آپ کو فقہی و حدیثی مباحث کی کوئی بحث حل نہیں ہورہی تھی, سب کی مجھ غریب سے حل حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کی, کچھ حل ہوئے اور کچھ رہ گئے, اخیر میں آپ نے کہا کہ وقت کی قلت کی وجہ سے فلاں بحث رہ گئی مجھے اسے پہلے حل کے لیے پیش کردینا چاہیے تھا!!!شرح شرح نزہۃ النظر:امام ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ کی مایہ ناز کتاب نخبۃ الفکر اور اس کی شرح نزہۃ النظر کو مقدمہ ابن صلاح کی طرح بڑی مقبولیت حاصل ہوئی, اس کی تلخیص اور شرح چالیس سے زائد علماے کرام نے فرمائی, انہیں علماے ذوی الاحترام میں سے علامہ ملا علی قاری علیہ رحمۃ الباری بھی ہیں, آپ نے اپنی شرح کا نام شرح شرح نخبۃ الفکر رکھا, علم اصول حدیث یہ کتاب بھی کافی اہمیت کی حامل ہے, علم اصول حدیث سے دلچسپی رکھنے والے کو اسے بھی اپنے مطالعہ میں ضرور رکھنا چاہیے.اللہ تعالی ان علماے کرام پر رحمت و انوار کی بارش فرمائے, ان کے فیوض سے ہمیں مالا مال کرے اور مکرمی ازہری صاحب قبلہ کے علم, عمل, عمر اور مقبولیت میں خوب برکتیں عطا فرمائے, آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم.

دعا گو و دعا جو:ابو عاتکہ ازہار احمد امجدی مصباحی ازہری غفرلہ خادم مرکز تربیت افتا و بانی ٹرسٹ فلاح ملت, اوجھاگنج, بستی, یو پی.١٣/ رمضان المبارک ٤٣ھ

Copyright © Trust Falahe Millat 2025, All Rights Reserved.