مصالحت سے کام لیں اور ترجیحات بدلیں!
امام حسن رضی اللہ عنہ کا عظیم پیغام اپنے ماننے والوں کے نام:
مصالحت سے کام لیں اور ترجیحات بدلیں!
اختلاف کی صورت میں ہمیں مصالحت سے کام لینا چاہئے اور ہمیشہ جماعتی ترجیحات کو مقدم رکھنا چاہئے مگر اس کے برعکس عام طور سے ہمارے درمیان عدم مصالحت اور فردی ترجیحات کا غلغلہ ہوتا ہے، اب اس کے نتیجہ میں خواہ قوم کا خون بہے، ان کی عزت و آبرو زد میں آئے اور قوم کا قیمتی سرمایہ تباہ و برباد ہوجائے یا اپنے مسلم بھائی کا خون چوسنا پڑے، ہمیں اس سے کوئی مطلب نہیں؛ کیوں کہ ہمارا الو تو سیدھا ہے، ہماری دوکان تو چل رہی ہے اور ہماری ذاتی منفعت میں بھی تو کوئی رکاوٹ نہیں آرہی ہے!!!
آئیے ہم اور آپ مل کر نواسہ رسول زہرا کے پھول حضرت امام حسن بن امیر المؤمنین علی رضی اللہ عنہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے اندر اس عدم مصالحت و فردی ترجیحات کے بجائے مصالحت و جماعتی ترجیحات کا عملی جوش پیدا کریں اور عدم مصالحت و فردی ترجیحات پر مصالحت و جماعتی ترجیحات کو فوقیت دینے کا جذبہ پیدا کریں۔
ہزاروں ہزار سر ہر آن حضرت امام حسن رضی اللہ عنہ کے دست و بازو بن کر آپ کے قدموں میں نثار ہونے کے لئے تیار تھے مگر اس کے باوجود آپ نے مصالحت اور جماعتی ترجیحات کو فوقیت دی، جانتے ہیں کیوں؟! صرف اس لئے کہ مسلمانوں کا خون نہ بہے، مسلمانوں کا سرمایہ تباہ و برباد نہ ہو، قوم کی امانت سلامت رہے اور کسی طرح بھی اپنے مسلمان بھائی کا خون چوسنے کی نوبت نہ آئے!
ہم اہل بیت سے محبت کا دعوی کرنے والے کس سطحی افکار و نظریات کے شکار ہیں؟ ہمارا عملی کردار قوم کو کونسا پیغام دے رہا ہے؟!! ہمیں اس پر سنجیدگی سے غور کرکے اپنا یہ مزاج بدلنے کے لئے عملی اقدام کرنا چاہیے ورنہ ہمیں ایسے ایسے طوفان سے نبرد آزما ہونا پڑے گا جس کا شاید ہم کبھی مقابلہ نہیں کرسکتے۔
اااازہری
۲۸/صفر المظفر ۱٤٤١ھ