شراب پینے اور انگریزی باجہ کا حکم
سوال: (۱) کیا فرماتے ہیں علماے دین و شرع متین کہ شرابی اور جوا کھیلنے والے کے یہاں کھانا، پینا، اٹھنا، بیٹھنا جائز ہے کہ نہیں، مفصل جواب عنایت فرمائیں؟
(۲) کیا فرماتے ہیں علماے دین و شرع متین اس مسئلہ میں کہ شادی کے موقع پر انگریزی باجہ بجانا یا ڈی جے بجانا کیسا ہے؟ جواب عنایت فرمائیں؟
المستفتی: ثقلین رضا عزیزی
سنت کبیر نگر، ۱۸؍۰۸؍۱۸ء
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب (۱) شراب و جوا، دونوں حرام قطعی ہیں، ان کا مرتکب سخت گنہ گار مستحق عذاب نار ہے۔
اللہ تعالی فرماتا ہے: ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنْصَابُ وَالْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ﴾ (المائدۃ:۵، آیت:۹۰)
حدیث پاک میں ہے: ((أَنَّ نَبِيَّ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: نَهَى عَنِ الْخَمْرِ وَالْمَيْسِرِ وَالْكُوبَةِ وَالْغُبَيْرَاءِ، وَقَالَ: كُلُّ مُسْكِرٍ حَرَامٌ)) (سنن أبی داؤد، باب النہی عن المسکر، ج۳ص۳۲۸، رقم: ۳۶۸۵، ط:المکتبۃ العصریۃ، بیروت)
ایسے لوگوں پر ان چیزوں کا فورا ترک کرنا اور اعلانیہ توبہ و استغفار کرنا لازم ہے، اگر یہ لوگ ایسا نہ کریں؛ تو مسلمان، ان کا سخت سماجی بائیکاٹ کریں۔
اللہ تعالی فرماتا ہے: ﴿وَلَا تَرْكَنُوا إِلَى الَّذِينَ ظَلَمُوا فَتَمَسَّكُمُ النَّارُ﴾(ھود:۱۱، آیت:۱۱۳)
(۲) انگریزی باجہ یا ڈی جے کے ساتھ گانا بجانا، اس کا قصدا سننا اور ایسی مجلس میں شرکت کرنا حرام و گناہ ہے۔
الدر المختار مع رد المحتار میں ہے: ’’ وَفِي الْبَزَّازِيَّةِ اسْتِمَاعُ صَوْتِ الْمَلَاهِي كَضَرْبِ قَصَبٍ وَنَحْوِهِ حَرَامٌ لِقَوْلِهِ – عَلَيْهِ الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ – ((اسْتِمَاعُ الْمَلَاهِي مَعْصِيَةٌ وَالْجُلُوسُ عَلَيْهَا فِسْقٌ وَالتَّلَذُّذُ بِهَا كُفْرٌ)) أَيْ بِالنِّعْمَةِ فَصَرْفُ الْجَوَارِحِ إلَى غَيْرِ مَا خُلِقَ لِأَجْلِهِ كُفْرٌ بِالنِّعْمَةِ لَا شُكْرٌ فَالْوَاجِبُ كُلُّ الْوَاجِبِ أَنْ يَجْتَنِبَ كَيْ لَا يَسْمَعَ لِمَا رُوِيَ ((أَنَّهُ – عَلَيْهِ الصَّلَاةُ وَالسَّلَامُ – أَدْخَلَ أُصْبُعَهُ فِي أُذُنِهِ عِنْدَ سَمَاعِهِ))‘‘۔ (کتاب الحظر و الإباحۃ، ج۹ص۵۰۴، ط: زکریا بکڈپو) واللہ تعالی أعلم۔
کتبــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــه
ابوعاتکہ ازہار احمد امجدی ازہری غفرلہ
خادم مرکز تربیت افتا و خانقاہ امجدیہ، اوجھاگنج، بستی، یوپی، انڈیا
۶؍ذو الحجۃ ۳۹ھ
Lorem Ipsum