حنفی سیمینار/ فکری سیمینار۔

اللہ تعالی کا بے پایاں کرم و شکر ہے کہ جامعہ حنفیہ, رضویہ, مانک پور, پرتاب گڑھ میں دو روزہ فکری سیمینار بنام حنفی سیمینار, محبی و مکرمی عالم نبیل فاضل جلیل حضرت مولانا شاہ نواز مصباحی ازہری زید علمہ کی نگرانی میں منعقد ہوا.

اس فکری سیمینار میں وقت کے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی, مثلا تحفظ ناموس رسالت اور ہماری ذمہ داریاں, مدارس ہند میں مناہج تعلیم کے ضعف و انحطاط کے اسباب اور ان کا حل اور موجودہ دور میں فتنہ ارتداد کے اسباب اور ان کا تدارک و غیرہ.

اس علمی و فکری سیمینار میں تقریبا سو, ڈیڑھ سو نوجوان ازہری و غیر ازہری علما نے ہندستان کے مختلف صوبوں سے شرکت کی, اس سیمینار کی سب سے بڑی خاص بات یہ رہی کہ ہر ایک مقالہ نگار نے بلا جھجھک اپنی رائے کا اظہار کیا, نیز ایک خاص بات اس سیمینار کی یہ بھی رہی کہ ہر ایک مقالہ نگار کی تحریر میں کرب و بے چینی واضح طور پر محسوس کی گئی, یہ احساس زیاں کا نتیجہ ہے اور جب احساس ہو ہی گیا ہے تو ان شاء اللہ جلد ہی عملی اقدام کی شکل میں ان نوجوان علما کے ذریعے زمینی کام بھی سامنے آئیں گے, جس سے نسلیں اعلی تربیت پائیں گی جو اپنے کھوئے ہوئے وقار کو واپس لانے کی بھر پور کوشش کرسکیں گی, جس کی ایک جھلک ہم نوجوان عالم دین مولانا شاہ نواز مصباحی ازہری زید علمہ کی عمدہ کاوشوں کی شکل میں مدینۃ الاولیاء مانک پور اور اس کے اطراف میں ملاحظہ کرسکتے ہیں, ازہری صاحب قبلہ کی شخصیت دور حاضر کے علما بالخصوص نوجوان علما کے لیے آئڈیل اور رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے کیوں کہ اتنی کم عمری میں اس طرح کے فیلڈ ورک بہت کم ہی دیکھنے کو ملتے ہیں اور صحیح بات یہ ہے کہ اگر کام کرنے کا جذبہ اور ساتھ میں کوشش ہو تو بہت کچھ کیا جاسکتا ہے اور اگر جذبہ ہی نہ ہو یا کوشش ہی نہ پائی جائے تو صرف خواب دیکھنے سے کچھ ہونے والا نہیں.

سیمینار کے انتظام و انصرام بھی بہت بہتر اور عمدہ تھے, فقہی سیمینار کے ساتھ اس طرح کا سیمینار وقت کی اہم ضرورت ہے, ازہری صاحب قبلہ اور آپ کے تمام رفقاے کار نے علماے کرام کی خدمت کرنے میں کی کوئی کسر باقی نہ رکھی, ہر چہار جانب ہم و انا کے بجاے, عاجزی, انکساری اور تواضع کا سما تھا, اگر یہ ماحول یوں ہی باقی رہا -اور ان شاء اللہ ضرور باقی رہے گا- تو عن قریب ازہری صاحب قبلہ اور آپ کے رفقاے کار کے دیر پا کام کی دھمک پورے ہندستان میں محسوس کی جائے گی.

دعا گو ہوں کہ رب تعالی اپنے حبیب پاک صلی اللہ تعالی علیہ و آلہ و سلم کے صدقے عالم نبیل مولانا شاہ نواز مصباحی ازہری زید علمہ, آپ کے تمام رفقاے کار اور معاونین کی فعالیت و حرکت و رزق میں مزید برکتیں عطا فرمائے, ان کے دست و باز کو مضبوط سے مضبوط تر بنائے اور حاسدین کی حسد محفوظ و مامون رکھے, آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم.

طالب دعا:
ابو عاتکہ ازہار احمد امجدی مصباحی ازہری.
خادم مرکز تربیت افتا و خانقاہ امجدیہ و بانی ٹرسٹ فلاح ملت, اوجھاگنج, بستی, یوپی, انڈیا.
١١/ربیع الآخر ١٤٤٣ھ

Copyright © Trust Falahe Millat 2025, All Rights Reserved.