تواضع و انکساری کے پیکر طاہر ملت (تعزیت و تاثر)
تواضع و انکساری کے پیکر طاہر ملت
مبسملا و حامدا و مصلیا و مسلما
۷؍محرم الحرام ۴۳ھ مطابق ۱۷؍اگست ۲۱ء بروز منگل میڈیا کے ذریعہ یہ دل شکن خبر ملی کہ بلگرام شریف کی ایک عظیم شخصیت، پیر طریقت، رہبر راہ شریعت حضرت طاہر ملت سید میر سید آل رسول عرف طاہر میاں علیہ الرحمۃ و الرضوان کا انتقال پر ملال ہوگیا۔ یقینا یہ خبر اہل سنت و جماعت کے لیے عموما، خانوادے اور آپ سے علمی و روحانی تعلق رکھنے والوں کے لیے خصوصا، بڑے صدمہ اور تکلیف کا باعث بنی، مگر چوں کہ اللہ تعالی جو دے اور جو لے، سب چیز اسی کی ملکیت ہے اور اس کے یہاں ہر چیز کے رخصت ہونے کا ایک وقت متعین ہے، اس وقت سے سر مو انحراف نہیں ہوسکتا، اس کے پیش نظر حضرت طاہر ملت علیہ الرحمۃ کی جدائی کے سبب، سخت کرب و الم کے باوجود، صبر و تحمل کے علاوہ کوئی چارہ کار نہ رہا۔
اللہ تعالی نے سیدی حضرت طاہر ملت علیہ الرحمۃ و الرضوان کے اندر مختلف خصوصیات ودیعت فرمائی تھیں۔ آپ فراست و ذہانت، اخلاق و کردار، خدمت خلق، عبادت و ریاضت، دعوت و تبلیغ اور اخلاق و کردار وغیرہ میں غیر معمولی خصوصیات کے مالک تھے، مگر بعض شخصیات کے اندر، ان کی تمام خصوصیات کے درمیان، دو چند خصوصیات ایسی ہوتی ہیں، جو تمام خصوصیات کے درمیان ممتاز ہوتی ہیں، سیدی طاہر ملت علیہ الرحمۃ کے اندر بھی دو چند خصوصیات جیسے عبادت و ریاضت، تواضع و انکساری اور آپ کے دست مبارک میں شفا یابی وغیرہ چند ایسی خصوصیات تھیں، جن کی وجہ سے آپ اپنی تمام خصوصیات کے درمیان بالکل ممتاز نظر آتے تھے۔ کبھی نماز قضا نہ ہونا، اپنے مبارک ہاتھوں سے چائے بناکر علما کو پلانا اور آپ کے دست مبارک کے ذریعے لوگوں کا بڑی سے بڑی بیماریوں اور پریشانیوں سے شفا جانا، بے شک آپ پر اللہ تعالی کے خاص فضل و کرم ہی کی وجہ سے تھا۔ آج عموما لوگوں کے پاس تھوڑی دولت ہوجاتی ہے؛ تو ان کے اندر نمرودیت کے اوصاف جھلکنے لگتے ہیں، تھوڑی عزت مل جاتی ہے؛ تو تکبر و انانیت کے شکار ہوجاتے ہیں، مگر یہ سیدی طاہر ملت علیہ الرحمۃ کی ذات تھی کہ آپ اس طرح کے اوصاف قبیحہ سے ہمیشہ پاک و صاف رہے۔
اللہ تعالی آپ کی تربت اطہر پر رحمت انوار کی بارش کرے، امت مسلمہ کو آپ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق رفیق عطا فرمائے، آپ کے صاحبزادے حضرت سہیل ملت میر سید محمد سہیل میاں قادری چشتی دامت برکاتہ، دیگر اہل خانہ اور تمام متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم۔
دعا گو و دعا جو
ابوعاتکہ ازہار احمد امجدی مصباحی ازہری غفرلہ
فاضل جامعہ ازہر شریف، مصر، شعبہ حدیث، ایم اے
خادم مرکز تربیت افتا و خانقاہ امجدیہ و بانی ٹرسٹ فلاح ملت، اوجھاگنج، بستی، یوپی
۱۹؍ محرم الحرام ۱۴۴۳ھ مطابق ۲۹؍اگست ۲۰۲۱ء
Lorem Ipsum