تحقیق حدیث: ((رمضان کا پہلا حصہ رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا جہنم سے آزادی کا ہے)) (صحیح ابن خزیمہ)
تحقیق حدیث: ((رمضان کا پہلا حصہ رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا جہنم سے آزادی کا ہے)) (صحیح ابن خزیمہ)
اس کی سند کے روات پر کلام مندرجہ ذیل ہے:
(۱) علی بن حجر سدی، ثقہ ہیں۔ (التقریب لابن حجر)
(۲) یوسف بن زیاد، ابن حبان نے انھیں اپنی کتاب ‘الثقات’ میں ذکر کیا ہے۔
(۳) ہمام بن یحیی، ثقہ ہیں۔ (التقریب)
(٤) علی بن زید، ضعیف ہیں۔ (التقریب)
(٥) سعید بن مسیب، ثقہ ہیں۔ (التقریب)
(٦) سلمان فارسی، صحابی رسول ہیں۔
علی بن زید کی وجہ سے سند کے اعتبار سے یہ حدیث ضعیف ہے، موضوع نہیں اور ضعیف و موضوع کے درمیان بہت فرق ہے۔
اس سند کی متابع ‘مسند الحارث’ میں موجود ہے، راوی ایاس نے اس حدیث کو روایت کرنے میں علی بن زید کی متابعت کی ہے۔
ایاس کے بارے میں اختلاف ہے: بعض نے کہا: ایاس، یہ ایاس بن ابی ایاس ہیں اور یہ ضعیف ہیں۔ ابن حبان: انھوں نے ایاس بن خارجہ بتایا، جسے آپ نے ‘الثقات’ میں ذکر کیا ہے۔
دونوں صورتوں میں بہر حال یہ حدیث متابع بننے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس کی وجہ سے یہ حدیث حسن لغیرہ ہو جاتی ہے اور اس طرح کی حدیث فقہا و محدثین کے نزدیک فضائل تو فضائل، احکام میں بھی مقبول ہوتی ہے۔
اس روایت کی ایک شاہد بھی موجود ہے، جو حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے۔
بہر کیف اس حدیث کو موضوع یا متابعت و شاہد پر واقفیت کے باوجود، ضعیف کہنے والا خاطی ہے، اس کا قول قابل عمل نہیں۔
طالب دعا:
ابو عاتکہ ازہار احمد امجدی مصباحی ازہری غفرلہ
فاضل جامعہ ازہر شریف، مصر، شعبہ حدیث، ایم اے۔
خادم مرکز تربیت افتا و بانی ٹرسٹ فلاح ملت، اوجھاگنج، بستی، یو پی۔