اکلا خور ضلع بستی میں دینی و علمی دورہ

شہزادۂ حضور فقیہ ملت حضرت مولانا مفتی ازھار احمد امجدی مصباحی ازہری صاحب قبلہ (استاذ: مرکز تربیت افتا اوجھا گنج بستی) ایک بے حد متحرک و فعال و قابل صد افتخار شخصیت ہیں، آپ آفاقی و انقلاب آفریں قول “کام کے آدمی بنو، کام ہی آدمی کو معزز بناتا ہے” کے مظہر و مصداق ہیں، آپ کے دینی خدمات کا دائرہ اور علمی و تحقیقی سرگرمی رو بہ عروج ہے، جہاں آپ فی الوقت مرکز تربیت افتا کی صدارت و دیگر اہم ذمہ داریوں کی قیادت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں، وہیں علم و عمل کا چراغ روشن کرنے کی خاطر علاقائی سطح پر بہ کثرت تبلیغی دورہ فرماتے رہتے ہیں.

اور الحمد اسی سلسلۂ ذہب کی آج ایک اہم کڑی تھی کہ “اکلا خور” نامی علاقہ میں کامیاب دورہ فرمایا، وہاں کے لوگوں سے آپسی بات چیت کے بعد حالات کا جائزہ لیا، معلوم ہوا کہ جلد ہی ایک ادارہ کا قیام ہونے والا ہے تو آپ نے سراہتے ہوے حوصلہ افزائی کی اور کچھ ضروری نکات ارشاد فرماے.

پھر جمعہ میں دینی و عصری تعلیم کی اہمیت و معنویت پر قرآن و احادیث کی روشنی میں تشفی بخش خطاب فرمایا اور پیغام دیا کہ تعلیم، دین و دنیا کی بھلائی و سربلندی، شاہراہ ارتقا پر گامزن ہونے کا بہترین ذریعہ اور سماجی و معاشرتی خرابیوں کی روک تھام کے لیے نہایت ہی سود مند ہے. نماز کے حوالے سے بھی ضروری باتیں بتائی، پھر دور حاضر کا بڑا خطرناک فتنہ “فتنۂ ارتداد” پر انتہائی پر مغز گفتگو کی، اس کے بھیانک نتائج کو ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ گارجین و ذمہ داران پر لازم ہے کہ وہ اپنی بچیوں کی کڑی نگرانی کریں اور شرعی طور پر تربیت کرنے کی بھرپور کوشش کرتے رہیں. پھر جمعہ بعد مصلیان حضرات سے ضروری امور پر مخاطب ہو کر اپنی اولاد کی تعلیم و تربیت، روز و شب کی نششت و برخاست پر توجہ دینے اور قائم ہونے والے ادارہ کی ہر اعتبار سے حمایت و تعاون کرنے ترغیب دلائی. اس کے بعد وہاں سے روانہ ہو گیے. اس اہم دورے میں مولانا ابو الحیات مصباحی، مولانا حشمت مصباحی، مولانا شفیق اور راقم الحروف بھی شریک تھے.

واقعی مفتی صاحب کا اس عدیم الفرصتی کے دور میں اپنا قیمتی وقت نکال اس طرح سے علاقہ علاقہ دورہ کرنا، قوم کے اندر علمی و دینی حمیت و احساس بیدار کرنا قابل تحسین ہے اور لائق تبریک و تقلید بھی. کچھ دن ہی پہلے ایک علاقہ میں جاکر وہاں کے بند مدرسہ کو دوبارہ شروع کرانے کے حوالے سے کامیاب دورہ فرمایا تھا.

مثل خورشید سحر فکر کی تابانی میں

بات میں سادہ و آزاد , معانی میں دقیق

میری آرزو یہی ہے کہ ہر اک کو فیض پہنچے

میں چراغ رہ گزر ہوں مجھے شوق سے جلاؤ

باری تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ مفتی صاحب کے اس مشن کو دوام بخشے، دارین کی کامرانی سے شادکام کرے، علم و عمل خلوص و للہیت میں روز بہ روز ترقی دے اور ہم سب کو اسی طرح دین و سنت کی خدمت کرنے، اور اپنی ذمہ داری نبھانے کی توفیق عطا فرمائے.

آمین ثم آمین یا رب العالمین

بجاہ النبی الکریم الامین ﷺ

عبد السبحان بزمی مصباحی

مدھوبنی بہار

متخصص فی الفقہ

مرکز تربیت افتا اوجھا گنج بستی

03_01_2025

Highlight

All reactions:

32You, Abrar Misbahi Amjadi, Faiz Barkati Misbahi and 29 others

Copyright © Trust Falahe Millat 2025, All Rights Reserved.